کھام گاؤں، محمد فرحان عالمی ’کُرُو ورلڈ کپ 2025‘ میں کریں گے بھارت کی نمائندگی اکشے کمار کپ کے گولڈ میڈلسٹ نوجوان کی بین الاقوامی پرواز
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 03, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شہر کے برڈے پلاٹ کے ساکن اور سابق کونسلر محمد نعیم کے ہونہار فرزند محمد فرحان نے اپنی غیر معمولی صلاحیت، حوصلے اور مسلسل کامیابیوں کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر کھام گاؤں، مہاراشٹر اور خاص طور پر ودربھ کا نام روشن کر دیا ہے۔ نوجوان کراٹے کھلاڑی محمد فرحان کا انتخاب 7 تا 9 جولائی 2025 کو آرمینیا کے شہر یریوان میں منعقد ہونے والے یوریشین کُرُو ورلڈ کپ 2025 میں بھارت کی نمائندگی کے لیے کیا گیا ہے۔
محض 19 برس کی عمر میں محمد فرحان نے ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہلی میں آل انڈیا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ اور نیشنل کُرُو فیڈریشن کے زیر اہتمام مقابلوں میں انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کیے۔ خاص طور پر قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے ’اکشے کمار کپ‘ میں بھی گولڈ میڈل جیت کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا — یہ وہ مقابلہ ہے جس کے ذریعہ ریاست بھر میں باصلاحیت نوجوانوں کو ابھارنے میں بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 2023 میں 21 سالہ زمرے میں بھی انہوں نے پہلا مقام حاصل کیا تھا، اور حالیہ ریاستی مقابلے ناسک میں بھی فرحان نے سونے کا تمغہ جیتا۔ ان تمام کامیابیوں کی بنیاد پر 8 اور 9 فروری 2025 کو سورت (گجرات) میں منعقدہ قومی ٹرائلز میں ان کا انتخاب عالمی مقابلے کے لیے کیا گیا — اور وہ مہاراشٹر کے ان چند نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے جنہیں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ بات خاص طور پر فخر کا باعث ہے کہ محمد فرحان، ودربھ علاقے سے عالمی سطح پر کُرُو کھیل میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہوں گے — جو نہ صرف کھام گاؤں شہر بلکہ مسلم سماج کے لیے بھی باعثِ مسرت اور حوصلہ افزائی ہے۔ محمد فرحان کی اس عظیم کامیابی پر نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ کُرُو ایسوسی ایشن کے صدر مہندر سنگھ راٹھوڑ، نائب صدر سُنیل وانخڈے، کوچ راجیش سونالے، اور اِنچکِا کرکٹ منڈل کے ذمہ داران نے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ یہ کامیابی تمام نوجوانوں کے لیے ایک زندہ مثال ہے کہ سچی لگن، مسلسل محنت اور درست رہنمائی کے ذریعے عالمی سطح تک پہنچنا ممکن ہے۔