"بلڈھانہ ، اردو اساتذہ کی تربیت کا شاندار دوسرا مرحلہ بھی مکمل نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اردو تدریس کے فروغ کی جانب تاریخی پیش رفت"
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 19, 2025
0
share
کھام گاؤں ، ( واثق نوید) نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت اردو زبان کی تدریس کو مؤثر اور سرگرم بنانے کی خاطر بلڈھانہ ضلع میں جماعتِ اول کے اردو اساتذہ کے لیے سہ روزہ تربیتی ورکشاپ کے دو اہم مراحل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکے ہیں۔
ڈائیٹ بلڈھانہ کے زیر نگرانی 11 تا 13 جون 2025 اور پھر 17 تا 19 جون 2025 کو نربدا ہوٹل بلڈھانہ میں منعقد اس تربیت میں مجموعی طور پر 200 اردو اساتذہ نے شرکت کی، جن کا تعلق ضلع کے مختلف تعلقوں، ضلع پریشد، نگر پریشد اور امدادی اردو مدارس سے تھا۔
تربیت کا بنیادی مقصد اساتذہ کو نئے تیار کردہ "بنیادی تعلیمی نصاب 2024" کے تعلیمی اہداف، جدید تدریسی طریقۂ کار، سرگرمی پر مبنی تعلیم، اور نصابی کتب کے مؤثر استعمال سے روشناس کروانا تھا۔ اس اہم اقدام کو اردو زبان کی تدریسی بقا اور فروغ کی ایک سنجیدہ کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تربیتی سیشن کی قیادت ڈائیٹ بلڈھانہ کے افسران، بالخصوص سمادھان ڈکرے سر اور ان کی ہمہ وقت متحرک ٹیم نے کی، جنہوں نے تربیت کے ہر پہلو کو معیاری اور منظم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تربیت کے دوران سات مرکزی تعلیمی موضوعات پر عملی مشقیں، گروپ سرگرمیاں اور تخلیقی تدریسی تکنیکوں پر سیشنز منعقد کیے گئے۔
اس عمل کی رہنمائی ضلع کے معروف تعلیمی تسہیل کاروں واثق نوید، توصیف وہاب، رضا احمد خان، فیض الاسلام، مظہر محمود اور محمد راحیل نے کی، جنہوں نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں تربیتی سرگرمیوں کو کامیاب بنایا۔ شرکاء نے نہ صرف تربیت کے مواد کو سراہا بلکہ انتظامی نظم و ضبط اور ماحول کی خوشگواری کی بھی تعریف کی۔ ڈائیٹ کے پرنسپل ڈاکٹر جگرام بھٹکر اور دیگر افسران نے مرکز کا دورہ کیا اور تربیت کے معیار، اساتذہ کے جوش و خروش اور تربیتی ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تربیت میں شریک اساتذہ اور منتظمین کے مطابق یہ اقدام اردو تعلیم کے لیے صرف ایک تدریسی سرگرمی نہیں بلکہ زبان و تعلیم کے فروغ کا عملی سنگِ میل ہے، جو آنے والے وقت میں اردو تدریس کو نئے افق عطا کرے گا۔