شہادہ کے امتیاز انصاری اردو لسانی کمیٹی بال بھارتی پونہ مہاراشٹر کے ممبر نامزد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 20, 2025
0
share
(پریس ریلیز) 2024 ء میں ادارہ بال بھارتی پونہ نے مختلف نئی لسانی کمیٹیاں تشکیل دیں، جس میں انصاری امتیاز محمد ایاز کو ان کی صلاحیت اور تعلیمی لیاقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اردوٗ لسانی کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا۔
انصاری امتیاز محمد ایاز کا تعلق شہر شہادہ سے ہے۔ یوں تو شہر شہادہ کے فن کاروں اور قلم کاروں نے ہر میدان میں اپنے جوہر دکھائے ہیں لیکن یہ تاریخی اعزاز امتیاز انصاری کو حاصل ہے کہ شہر شہادہ کے رہنے والےکو پہلی مرتبہ اردو لسانی کمیٹی بال بھارتی پونہ میں رکنیت ملی ہے۔
امتیاز انصاری تدریس کے مقدس پیشہ سے وابستہ ہیں۔ نشاط ہائی اسکول وجونیئر کالج آف سائنس، شہادہ میں بحیثیت معلم 1997ء میں اپنی تدریسی سفر کا آغاز کیا۔ موصوف کی تعلیمی لیاقت ایچ ایس سی ڈی ایڈ ہے اور انھوں نے اردو سے ایم اے کرکے بی ایڈ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ کچھ شہر تاریخی خصوصیات سے پہچانے جاتے ہیں مگر مہاراشٹر کا شہر شہادہ جسے اہلیان شہادہ نے ایک منفرد شناخت عطا کی ہے اور اپنے فن کی مہارت کے ذریعہ خود کے ساتھ شہادہ کا نام بھی روشن کیا۔ امتیاز انصاری نفیس قلم اور اعلیٰ پایے کے خوش نویس ہیں۔چابک دست اور حساس قلم ان کے الفاظ کے حُسن کو دوبالا کر دیتا ہے۔ان کی فنکارانہ صلاحیت نے فن خطاطی کو مزید نادر فنی نمونوں سے مالا مال کیا ہے۔ امتیاز انصاری کو قریباً دو دہائیوں سے فن خطاطی کا شوق ہے۔اور انھوں نے اس دوران متعدد انٹرنیشنل کیلیگرافی فیسٹیول و نمائش میں شرکت کی۔ ایران، امریکہ، لبنان و مراقش سے اعزازی اسناد کے علاوہ جے پور، ادئے پور، ایران کلچر ہاؤس دہلی انجمن خطاطان ہند دہلی و اورنگ آبادکے اشتراک سے انٹرنیشنل مسابقہ میں شرکت کرکے اعزازی اسناد حاصل کی۔ علاوہ ازیں قرآن خطاطی مقابلہ میں شرکت کرکے سند حاصل کی۔ امتیاز انصاری آبروئے قلم فاؤنڈیشن، شہادہ (انڈیا) کے صدر ہیں۔ جس کے تحت خطاطی کے منفرد مقابلے منعقد کرواتے ہیں۔حال ہی میں انھیں AMP کی جانب سے نندربار ضلع کے چاپٹرہیڈ کے عہدے سے بھی سرفراز کیا گیا۔ امتیاز انصاری کو ایس سی ای آر ٹی گوا کی جانب سے اردو خطاطی کی بنیادی مہارتوں پر مبنی تین روزہ ورکشاپ میں بطور خطاط منتخب کیا گیا۔اس موقع پر گوا کے 45/ اردو میڈیم کے اساتذہ شامل تھے۔ اس ورکشاپ میں جناب محترم این جی ہوننیکری ڈائریکٹر آف ایس سی ای آرٹی گوا کی دستخط شدہ سند و اعزازت سے سرفراز کیا گیا۔ علاوہ ازیں انصاری امتیاز محمد ایاز فیضان امیر حمزہ مدرسہ شہادہ میں بلا معاوضہ خوش نویسی کا درس دیتے ہیں اور مدرسے کے طلباء ان سے خوش نویسی کی نوک پلک سیکھ رہے ہیں۔ الحمد للہ امسال بال بھارتی پونہ کی جانب سے پہلی جماعت کی کتاب مرتب کی گئی۔ جو منظر عام پر آچکی ہے۔ امتیاز انصاری کا نام اس خوبصورت کتاب کے مرتٌبین میں شامل ہے۔