فاروقؔ انصاری، اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے نئے صدر، صحافت و سماج کی پہچان
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 24, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) سینئر صحافی اور روزنامہ اردو ٹائمز ممبئی کے مدیر فاروق انصاری کو اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن ممبئ کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب متفقہ طور پر عمل میں آیا۔ یہ عہدہ اس سے قبل معروف صحافی خلیل الرحمٰن کے پاس تھا لیکن ناسازیٔ طبعیت کے سبب انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ واضح ہو کہ اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا قیام 2016 میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کرنا ہے۔ فاروق انصاری کے نام کی تجویز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور ادیب نامور صحافی سرفراز آرزو نے پیش کی۔ جس کی تائید سینئر صحافی جاوید جمال الدین نے کی۔ "حق بہ حقدار رسید". فاروق انصاری 1984 سے صحافت کے میدان میں فعال ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا روزنامہ اردو ٹائمز ممبئ سے کی جہاں آج وہ مدیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں مختلف ادارے اور مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی انہیں ایوارڈ سے نواز چکی ہے۔ فاروق انصاری سماجی اور تعلیمی میدان میں بھی گہری دل چسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے گاؤں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مڈل، ہائی اسکول اور مدرسہ قائم کیا۔ سیاست، تعلیم اور سماجی معاملات پر ان کی نظر گہری ہے اور وہ مسلم معاشرے کی اصلاح و فلاح کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ ان کے انتخاب پر اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے تمام اراکین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ایسوسی ایشن مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ اس موقع پر خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کے صدر و صحافی عقیل خان بیاولی، سکریٹری و صحافی سعید پٹیل، کنوینر نوشاد حمید، مشتاق بہشتی سر اور معین اقبال، ساقیب پٹیل نے فاروق انصاری کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔