جانوروں کی پکڑدھکڑ کرنے والوں پر کارروائی کی جائے نواب ملک اور ثنا ملک کی قیادت میں قریش برادری کی نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے ملاقات
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 06, 2025
0
share
ممبئی (پریس ریلیز) ریاست مہاراشٹر میں جانوروں کی پکڑدھکڑ سے پریشان قریش برادری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ریاست کے سابق کابینہ وزیر نواب ملک اور انوشکتی نگر حلقے کی رکن اسمبلی ثنا ملک کی قیادت میں فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ایک وفد نے ریاست کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے ملاقات کی۔
اس موقع پر مہاراشٹر کی ڈی جی پی رشمی شکلا، این سی پی کے رہنما نجیب ملا، ایم ایل سی گھوڈگے اور قریش برادری کے ذمے داران موجود تھے۔ رکن اسمبلی ثنا ملک نے بتایا کہ گزشتہ دنوں قریش برادری کی مختلف تنظیموں نے ہم سے رابطہ کیا اور جانوروں کی بے جا پکڑدھکڑ اور تشدد کرنے کی شکایت کی جس کے بعد ہم نے قریش برادری کو ان مسائل کو حل کرانے کا یقین دلایا اور اس ضمن میں آج منترالیہ میں نائب وزیر اعلی اجیت پوار سے ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر اجیت دادا کو بتایا گیا کہ کس طرح سے ریاست میں قریش برادری کو پریشان کیا جا رہا ہے اور جانوروں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے جس پر نائب وزیر اعلی نے ریاست کی ڈی جی پی کو یہ ہدایت دی کہ ریاست میں صرف پولیس کے علاوہ کوئی بھی قریش برادری کی گاڑیوں کو نہ روکیں اور اگر کوئی گاڑی کو روکتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نائب وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی گاڑی کو روکا جاتا ہے اور اس میں جانور زیادہ پائے جاتے ہیں تو گاڑی پر کارروائی کی جائے اور جانوروں کی رسید ہونے پر جانور اس کے مالک کے حوالے کر دئے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریاست کے سابق کابینہ وزیر نواب ملک کی قیادت میں قریش برادری کا ایک وفد دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کرے گا اور ایم وی اے ایکٹ میں تبدیلی پر بات کرے گا تاکہ قریش برادری کو راحت مل سکے۔