مالیگاؤں: دارالعلم کیمپس (درے گاؤں) میں جاری اسپیشل چلڈرن کا ادارہ "ہوپ اسکول فار اسپیشل نیڈس" کو آج یہ سعادت حاصل ہوئی کہ معروف اسکالر اور ماہرِ تعلیم مولانا ابو صالح انیس لقمان ندوی صاحب (مقیمِ حال ابوظہبی) نے وزٹ فرمائی۔
موصوف کی شخصیت علمی حلقوں میں محتاجِ تعارف نہیں ہے۔ مولانا ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، مترجم اور محقق ہیں۔ آپ نے ابوظہبی کی متعدد انٹرنیشنل اسکولوں میں عربی زبان، علومِ شرعیہ اور فکری تربیت کے میدان میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں۔ 2014 سے تا حال، متحدہ عرب امارات میں معذورین کی تعلیم و ترقی اور معاشرتی ہم آہنگی کے لئے سرگرم سدرہ فاؤنڈیشن میں صدرِ شعبۂ تحقیق کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ شہر مالیگاؤں میں آپ کی آمد کے مواقع پر ہمیشہ مختلف موضوعات پر لیکچرز کا انعقاد بھی کیا جاتا رہا ہے ۔ ہوپ اسکول کے تعارف سے متاثر ہو کر آپ نے بروز سنیچر خود اسکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے نظامِ تعلیم، تدریسی طریقہ کار اور خصوصی طلبہ کی تعلیمی و نفسیاتی ضروریات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اسکول کی کوششوں کو سراہا اور مفید مشورے دئیے، ساتھ ہی خصوصی طلبہ سے انفرادی طور پر ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر دارالعلم کیمپس کے چیئرمن حذیفہ ہدائی سر اور ہوپ اسکول کی ڈائریکٹر افراح ناز میم نے مولانا موصوف کا استقبال کیا اور خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس وزٹ میں آپ کے ہمراہ جناب مسعود رمضان پینٹر بھی موجود تھے۔ منجانب: ڈپارٹمنٹ آف میڈیا، دارالعلم انگلش میڈیم اسکول، درے گاؤں کیمپس۔