پیپل گاؤں کالے، ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی مدرسہ، کے افضل حسین ضلع مثالی ٹیچر ایوارڈ 2025 سے سرفراز تعلیم و سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزاز، اساتذہ برادری اور عوام کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 19, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ڈاکٹر اے۔ پی۔ جے۔ عبدالکلام کی یومِ ولادت کے موقع پر 15 اکتوبر 2025 کو منعقدہ ضلع مثالی ٹیچر ایوارڈ تقسیم تقریب میں ضلع بھر کے منتخب و نمایاں اساتذہ کو ان کی تعلیمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ اسی موقع پر ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی مدرسہ، پیپل گاؤں کالے (تعلقہ جلگاؤں جامود) کے قابل و فرض شناس مدرس افضل حسین منور بیگ کو سال 2023-24 کے لیے ضلع مثالی ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ افضل حسین منور بیگ طویل عرصے سے تدریسی میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ وہ اپنی بہترین کارکردگی، خلوص اور تعلیمی لگن کے ذریعے نہ صرف طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کرتے آئے ہیں بلکہ اسکول میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر طلبہ میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور مطالعے کا ذوق بھی پیدا کیا ہے۔ تقریب میں ضلع پریشد کے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، تعلیم دان اور معزز شخصیات موجود تھیں جنہوں نے ایوارڈ یافتہ اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے افضل حسین منور بیگ نے کہا: "یہ اعزاز میرے لیے باعثِ افتخار ہے۔ میں اس کامیابی کو اپنے طلبہ، رفقائے کار اور والدین کے تعاون کا ثمر سمجھتا ہوں۔" ، افضل حسین کی اس کامیابی پر ان کے رفقائے کار، شاگردوں، دوستوں اور گاؤں کے شہریوں نے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کی دعا کی۔