جامعہ ملیہ اسلامیہ میں نوری اکیڈمی کے طلبہ کی شاندار کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 23, 2025
0
share
(پریس ریلیز) ملکِ عزیز ہندوستان کی مایہ ناز اور ممتاز مرکزی یونیورسٹی ،جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں تعلیمی سال 2025-26ء کے لیے پی ایچ ڈی پروگرام میں نوری اکیڈمی کے طلبہ کی نمایاں کامیابی پر تعلیمی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سال پی ایچ ڈی پروگرام (اُردو) میں داخلے کے لیے درجنوں اُمیدواروں نے عریضہ فارم داخل کیا تھا، جن میں سے سخت مسابقت اور کڑے انتخابی مراحل کے بعد صرف سات طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ ان منتخب شدہ طلبہ میں سے تین طلبہ کا تعلق نوری اکیڈمی سے ہے،
جو ادارے کی تعلیمی محنت، علمی رہنمائی اور اعلیٰ تربیتی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ منتخب ہونے والی طالبہ رافعہ کائنات زہراوی بنت محمد اظہار الحق قاسمی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ سال سے نوری اکیڈمی سے مستفید ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق نوری اکیڈمی ایک بہترین تعلیمی پلیٹ فارم ہے جو طلبہ کے مستقبل کے خوابوں کی تعبیر کا مؤثر ذریعہ ہے، بالخصوص اردو کے میدان میں کامیابی کے لیے یہ ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد وسیلہ ثابت ہو رہا ہے۔
انھوں نے ڈاکٹر عطاءالرحمن نوری کی علمی بصیرت، محنت اور لگن کو ناقابلِ فراموش خدمات قرار دیا۔
محمد عادل کی کامیابی بھی ان کی جہد مسلسل کا ثمر ہ ہے۔آپ نے یو جی سی نیٹ دسمبر 2024ءمیں جے آر ایف بھی حاصل کیا تھا،
جو ان کی علمی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
اسی طرح منتخب طالبہ طاہرہ خانم نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پی ایچ ڈی پروگرام میں ان کا داخلہ ڈاکٹر عطاءالرحمن نوری کی مؤثر رہنمائی، مسلسل محنت، والدین کی دعاؤں اور اپنی مستقل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر نوری اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عطاءالرحمن نوری ، ذمہ داران اور اساتذۂ کرام نے اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل اور مسلسل علمی جدوجہد کا ثمر قرار دیتے ہوئے منتخب طلبہ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی نہ صرف ادارے کے تعلیمی وقار میں اضافہ کرے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔