ایڈوکیٹ ناظر قاضی کی قانون ساز کونسل میں نامزدگی کی مہم تیز، بارامتی میں کارکنان کا طاقت کا مظاہرہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 23, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی سیاست میں سرگرم رہنے والے ایڈوکیٹ ناظر قاضی کی قانون ساز کونسل (ودھان پریشد) میں نامزدگی کے مطالبہ نے زور پکڑ لیا ہے۔ اسی سلسلے میں بلڈھانہ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں کارکنان نے بارامتی پہنچ کر نائب وزیر اعلیٰ محترمہ سونیترا تائی پوار سے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔
اس موقع پر کارکنان نے بینرز اور پلے کارڈس کے ذریعے اپنی خواہشات پیش کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ناظر قاضی کو قانون ساز کونسل میں موقع دینے کا مطالبہ کیا۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ قاضی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور پارٹی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، لہٰذا انہیں اس کا صلہ دیا جانا چاہیے۔
نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کی بات سنی جاتی ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی قیادت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کرے گی۔
اطلاعات کے مطابق 22 اپریل کو ضلع کے مختلف حصوں سے کارکنان قافلوں کی صورت میں بارامتی پہنچے، جہاں انہوں نے ودیا پرتیشٹھان اور دیگر مقامات پر جا کر مرحوم اجیت دادا پوار کو خراج عقیدت پیش کیا، اس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا سلسلہ جاری رہا۔ اس ملاقات کو بلڈھانہ ضلع کی سیاست میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایڈوکیٹ ناظر قاضی کی نامزدگی کے حوالے سے جلد کوئی اہم فیصلہ متوقع ہے، جس پر اب تمام حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔