اٹالی ، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول میں آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے پروقار الوداعی تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں پنچایت سمیتی کے تحت اٹالی میں واقع ضلع پریشد اردو مڈل اسکول میں جماعت ہشتم کے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار اور یادگار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اسکول کے صدر مدرس واثق اللہ خان نے کی،
جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حال ہی میں تبادلہ ہونے والے جماعت ہشتم کے سابق کلاس ٹیچر جلیل ارشد خان شریک رہے۔ تعلیمی سال کے اختتام پر منعقدہ اس تقریب میں طلبہ کو نہایت پُراثر انداز میں رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ نے تقاریر، گیت اور مختلف پروگرام پیش کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض جماعت کے استاد ثاقب اعزاز نے بحسنِ خوبی انجام دیے۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے جماعت ہشتم کے طلبہ کو میڈلز اور کتب بطورِ تحفہ پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی، جبکہ جماعت ششم کے طلبہ نے بھی اپنے سینئر ساتھیوں کو تحائف دے کر محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔
صدر مدرس واثق اللہ خان نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کو نصیحت آموز کلمات سے نوازتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مہمانِ خصوصی جلیل ارشد خان نے طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی کتب کے مطالعہ اور جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر متین سر نے بھی اپنے خیالات پیش کیے، جبکہ ندیم سر نے اظہارِ تشکر کے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کی کامیابی میں نرگس باجی، آنگن واڑی کی معلمہ شبانہ باجی اور مددگار ریحانہ باجی کی کاوشیں قابلِ ستائش رہیں۔ تقریب کے اختتام پر تمام طلبہ کے لیے خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔ رخصتی کے لمحات میں طلبہ ایک دوسرے سے گلے مل کر پُرنم آنکھوں کے ساتھ الوداع کہتے نظر آئے، جس سے ماحول انتہائی جذباتی ہوگیا۔