خان حسنین عاقب عالمی شاعری فیسٹیول (انڈیا چیپٹر) کے ڈائریکٹر مقرر
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 11, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ادب اور ثقافت کی عالمی سطح پر ترویج کے مقصد سے منعقد ہونے والے تیسرے سبزمنش عالمی شاعری فیسٹیول 2026 کے لیے سیکرٹریٹ کی جانب سے نئی انتظامی قیادت اور علاقائی نظامت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس اہم عالمی ادبی پلیٹ فارم میں بھارت کی نمائندگی کے لیے معروف شاعر، ادیب، مترجم اور معلم خان حسنین عاقب کو انڈیا چیپٹر کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جسے ملک کے ادبی حلقوں میں ایک بڑا اعزاز تصور کیا جا رہا ہے۔
9 مئی 2026 کو جاری کیے گئے اس اعلان کے مطابق فیسٹیول کے لیے ایک اعلیٰ سطحی عالمی ایگزیکٹو بورڈ تشکیل دیا گیا ہے،
جس میں افغانستان، ایران، تاجکستان، ازبکستان، امریکہ، پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی ممتاز ادبی شخصیات شامل ہیں۔ یہ عالمی شاعری فیسٹیول سبزمنش ورلڈ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جو ایک آزاد بین الاقوامی ثقافتی تنظیم ہے اور دنیا کے 33 ممالک میں اپنی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پہچانی جاتی ہے۔
ازبکستان کے ادبی جریدے دردانۂ شرق میں شائع ایک تحقیقی مقالے کے مطابق سبزمنش فاؤنڈیشن کو دنیا کی پہلی آزاد بین الاقوامی ثقافتی تنظیم کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
فیسٹیول کے سیکرٹری ڈاکٹر بسم اللہ شریفی کی قیادت میں تشکیل دی گئی انتظامی ٹیم کا مقصد عالمی سطح پر ادبی روابط کو فروغ دینا اور مختلف زبانوں کے شعراء کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
خان حسنین عاقب بطور ’’ڈائریکٹر آف انڈین افیئرز‘‘ بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کے ادبی حلقوں اور عالمی فاؤنڈیشن کے درمیان فکری و ادبی رابطے کو مستحکم بنانے کی ذمہ داری انجام دیں گے۔ فیسٹیول کے عالمی ایگزیکٹو بورڈ میں استاد زانا کردستانی (تعلقات عامہ)، استاد روزیتا دوغلاوینژاد (سوشل میڈیا و اشتہارات)، ڈاکٹر مہدی بیرانوند ’’روژمان‘‘ (میڈیا کوآرڈینیشن)، استاد شبانہ نزہت (لاجسٹک و مالیات)، استاد محمد رضا شبانکاره (منصوبہ بندی) اور محترمہ رمیش مصلح حسینی (ادارتی ہم آہنگی، امریکہ) شامل ہیں۔
علاقائی امور کے لیے قائم کردہ بورڈ میں پروفیسر وحید الزماں طارق، استاد رنا مقتدر (افغانستان)، استاد بزرگمہر بہادر (تاجکستان) اور استاد زرینہ درخشان (ازبکستان) جیسی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ خان حسنین عاقب کے انتخاب پر ملک بھر کے اہلِ قلم اور ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے عالمی سطح پر اردو و ہندوستانی ادب کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سیکرٹریٹ کے مطابق آئندہ ہفتے سویڈن، ایران، افغانستان اور تاجکستان کے نامور ججوں پر مشتمل بین الاقوامی جیوری کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ فیسٹیول انتظامیہ نے دنیا بھر کے شعراء سے مختلف زبانوں خصوصاً فارسی زبان میں شاعری طلب کی ہے، جبکہ موصولہ تخلیقات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ پورے سال جاری رہے گا۔ فیسٹیول کے حتمی نتائج اور فاتحین کے اعلان کی توقع 2026 کے آخر تک کی جا رہی ہے۔