ملکاپور پانگرا ، یونس خان کا انتقال، علاقے میں غم کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 16, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ملکاپور پانگرا کے معروف اور بااعتماد بیل تاجر یونس خان یوسف خان (62 سال) کا مختصر علالت کے بعد پیر، 13 جولائی کی رات انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ملکاپور پانگرا، اور اطراف کے علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ بیل تاجر برادری اور سماجی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ منگل، 14 جولائی کو صبح 10 بجے ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں ملکاپور پانگرا کے مسلم قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین میں رشتہ داروں، دوست احباب، تاجروں، کسانوں اور علاقے کے معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کو اشکبار آنکھوں سے رخصت کیا۔ یونس خان یوسف خان گزشتہ کئی برسوں سے بیل تجارت سے وابستہ تھے اور اپنی دیانت داری، خوش اخلاقی اور معاملہ فہمی کی وجہ سے تاجر برادری میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ کسانوں اور گاہکوں کے ساتھ ان کے خوشگوار تعلقات اور وعدے کی پابندی انہیں ایک معتبر تاجر کی حیثیت سے پہچان دلاتی تھی۔ سادہ مزاجی، انسان دوستی اور تعاون کے جذبے نے انہیں ہر دلعزیز شخصیت بنا دیا تھا۔ مرحوم نہ صرف تجارتی میدان میں سرگرم تھے بلکہ سماجی اور مذہبی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیت تھے۔ ان کے انتقال کو علاقے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مختلف سماجی شخصیات اور تاجر برادری نے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ مرحوم اپنے پس ماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے، ایک بیٹی، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں اور ایک بڑا سوگوار خاندان چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال سے اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ تجارتی حلقوں میں بھی گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے۔