دِگرس کی بیٹی نے کر دیا اردو میڈیم کا سر فخر سے بلند الخورشید اردو ہائی اسکول کی سابق طالبہ انیبہ انیس شیخ نے NEET 2026 میں 588 نمبر حاصل کرکے نئی مثال قائم کی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 17, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) دِگرس کے الخورشید اردو ہائی اسکول کی سابق طالبہ انیبہ انیس شیخ نے قومی سطح کے باوقار طبی داخلہ امتحان NEET 2026 میں 720 میں سے 588 نمبر حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے بھی امید، حوصلے اور کامیابی کی ایک روشن مثال قائم کر دی۔ اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں الخورشید اردو ہائی اسکول میں ایک پُروقار تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں انیبہ، ان کے والدین اور اہلِ خانہ کا شال، گل دستہ اور نیک تمناؤں کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ طلبہ اور اساتذہ نے پُرجوش انداز میں ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی گئی، جبکہ استقبالیہ کلمات میں جنید سر نے انیبہ کے تعلیمی سفر، مستقل مزاجی اور غیر معمولی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عتیق شیخ سر نے اپنے خطاب میں طلبہ کو بتایا کہ بڑی کامیابیاں صرف مسلسل محنت، نظم و ضبط اور پختہ عزم سے حاصل ہوتی ہیں، اس لیے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کا آغاز ابتدائی جماعتوں ہی سے کرنا چاہیے۔انیبہ کے دادا شیخ رحیم نے اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ باقاعدہ مطالعہ اور وقت کی پابندی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اس موقع پر انیبہ انیس شیخ نے اپنی کامیابی کا سہرا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی رہنمائی کو دیتے ہوئے طلبہ کو قیمتی مشورے دیے۔ انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت تک سائنس اور ریاضی کی بنیادی معلومات پر مضبوط گرفت قائم کرنا ضروری ہے، کیونکہ یہی بنیاد مستقبل میں NEET جیسے امتحانات کی تیاری کو آسان بناتی ہے۔ انہوں نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ اردو میڈیم کے طلبہ بھی اگر درست منصوبہ بندی، مسلسل محنت اور ثابت قدمی اختیار کریں تو وہ قومی سطح کے کسی بھی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ صدر مدرس خالد احمد سر نے انیبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ خواتین اساتذہ نے گل دستہ پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی۔ اسکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھی انیبہ اور ان کے اہلِ خانہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وشوہتیشی شکشن پرسارک منڈل کی سیکریٹری ماہ لقہ نازنین شیخ اور ادارے کے تمام اراکین نے انیبہ کی اس نمایاں کامیابی کو ادارے کے لیے باعثِ افتخار قرار دیتے ہوئے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کی منصوبہ بندی ذکی اللہ خان سر اور افروز خان سر نے کی، جبکہ تمام اساتذہ اور عملے کے بھرپور تعاون سے یہ تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔انیبہ انیس شیخ کی یہ کامیابی اردو میڈیم کے ہزاروں طلبہ کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ خواب بڑے ہوں، ارادے مضبوط ہوں اور محنت مسلسل ہو تو کوئی منزل دور نہیں رہتی۔