بارشی ٹاکلی ،خان نوید الحق کا شاندار استقبال درسی کتابوں میں پڑھا نام، آج روبرو ملاقات ہوئی بابا صاحب دھابیکر ودیالیہ کے اساتذہ اور عملے نے شال و گلدستے پیش کرکے کیا خیر مقدم
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 18, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بال بھارتی، پونے کے خصوصی افسر خان نوید الحق نے اپنے ودربھ دورے کے دوران بارشی ٹاکلی کے بابا صاحب دھابیکر ودیالیہ کا خیرسگالی دورہ کیا۔ ان کی آمد پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور عملے کی جانب سے پُرجوش ماحول میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل سید ناصر نے شال اور گلدستہ پیش کرکے خان نوید الحق کا خیرمقدم کیا۔ بال بھارتی، مشاورتی کمیٹی کے رکن راجو قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ طارق الدین شیخ، سید اسد علی اور ایس۔ جے۔ شندے نے بھی گلدستے پیش کرکے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ استقبالیہ پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سید شکیل نے کہا کہ وہ طالب علمی کے زمانے سے ہی درسی کتابوں میں خان نوید الحق کا نام پڑھتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شخصیت کا نام برسوں تک کتابوں میں پڑھا، آج اسی شخصیت سے بالمشافہ ملاقات کا موقع ملنا ان کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔ سنیل کڑو نے بھی خان نوید الحق کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان کی تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بال بھارتی، پونے کے ذریعے تعلیمی میدان میں انجام دی جانے والی خدمات اور اساتذہ و طلبہ کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر خان نوید الحق نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بارشی ٹاکلی جیسے چھوٹے شہر کے اسکول کا دورہ ان کے لیے دلی خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے اسکول میں موجود سادگی، خلوص اور خصوصاً اردو و مراٹھی معاشرے کے درمیان باہمی بھائی چارے کی فضا کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اسکول کے تعلیمی ماحول اور اساتذہ کے جوش و جذبے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ خان نوید الحق کی گفتگو سے اسکول کے اساتذہ اور عملے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کی یہ ملاقات طلبہ اور اساتذہ کے لیے حوصلہ افزا اور متاثرکن ثابت ہوئی، جبکہ اسکول کے تعلیمی ماحول میں بھی ایک نیا جوش و ولولہ دیکھنے میں آیا۔ پروگرام کی نظامت سید اسد علی نے نہایت خوبصورتی سے انجام دی، جبکہ گجانن جادھو نے اظہارِ تشکر کیا۔ خیرسگالی ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔