برہانی نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ و میلادِ میمون اساتذہ اور خادمین کی خدمات کا اعتراف قابلِ تحسین اقدام ہے: سید حسین اختر
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 18, 2026
0
share
اورنگ آباد: برہانی نیشنل
ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام برہانی گروپ آف اسکولس کی جانب سے جشنِ عید میلادالنبی ﷺ و میلادِ میمون کے موقع پر ایک نورانی و روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں سیدنا ڈاکٹر محمد برہان الدینؒ اور سیدنا مفضل سیف الدین صاحب (طعش) کی یومِ ولادت کو میلادِ میمون کے طور پر منایا گیا۔
تقریب کی صدارت عاملِ اورنگ آباد مرتضیٰ بھائی صاحب نعمانی نے کی، جبکہ مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کے صدر سید حسین اختر، صدر تنظیمِ ائمہ مساجد حافظ اقبال احمد انصاری اور مہمانِ اعزازی ڈاکٹر اشفاق انصاری، سربراہ شعبۂ ناک، کان و گلا، ایم جی ایم کالج و ہسپتال، بطور مہمانان شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ برہانی گروپ آف اسکولس کے طلبہ نے اسمائے حسنیٰ، نعتِ رسولِ اکرم ﷺ، سیرتِ طیبہ ﷺ اور مدحِ سیدنا صاحب پر مبنی مختلف پروگرام پیش کیے۔ طلبہ کی پُراعتماد اور مترنم پیشکشوں کو حاضرین نے سراہا۔ اس موقع پر برہانی نیشنل انگلش پرائمری اسکول کے اسکول ترانے کی رونمائی بھی عمل میں آئی، جبکہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر منعقدہ خطاطی مقابلے کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا نمایاں پہلو برہانی گروپ آف اسکولس کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی حوصلہ افزائی تھا۔ سوسائٹی کی جانب سے صدورِ مدارس، اساتذہ اور خادمین کو تحائف پیش کیے گئے، جبکہ سیدہ نجمہ اور حنا کوثر کی بیس سالہ تدریسی خدمات کے اعتراف میں کولڈ کوائن سے نوازا گیا۔ سید حسین اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کے ساتھ خادمین کی خدمات کا اعتراف بھی ایک عظیم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کی تعریف کی اور مستقبل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ حافظ اقبال احمد انصاری نے پروگرام کی شاندار تیاری پر منتظمین کو مبارکباد دی، جبکہ ڈاکٹر اشفاق انصاری نے طلبہ کے نظم و ضبط اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ صدارتی خطاب میں مرتضیٰ بھائی صاحب نعمانی نے سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ کی عملی پیروی اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آخر میں برہانی نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی کے سی ای او ڈاکٹر انصاری ابرار احمد نے تمام مہمانان، اساتذہ، طلبہ اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کا اختتام وظیفۂ شکر اور راشٹر گیت کے ساتھ ہوا۔