حج 2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز،حج کمیٹی آف انڈیا کا اعلان
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 22, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448 ہجری) کے لیے خواہش مند عازمین حج سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ وزارتِ اقلیتی امور، حکومت ہند کے تحت جاری اعلامیہ کے مطابق حج کے لیے درخواست فارم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور "حج سووِدھا" موبائل ایپ کے ذریعے پُر کیے جا سکتے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق درخواست جمع کرانے کی مدت 22 جون 2026 سے 20 جولائی 2026 رات 11:59 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ قرعہ اندازی (ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن) کا عمل جولائی کے آخری ہفتے میں انجام دیا جائے گا۔ قرعہ اندازی میں عارضی طور پر منتخب ہونے والے ہر عازم کو 10 اگست 2026 تک 1,52,300 روپے بطور پیشگی رقم جمع کرانا ضروری ہوگا۔ مقررہ مدت میں کسی قسم کی توسیع یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ حج کمیٹی نے درخواست دہندگان کو ہدایت دی ہے کہ وہ درخواست سے قبل رہنما اصولوں اور شرائط کا بغور مطالعہ کریں اور مطلوبہ دستاویزات کی اسکین شدہ نقول اپ لوڈ کریں۔ ان دستاویزات میں مشین ریڈیبل بھارتی پاسپورٹ (کم از کم 31 دسمبر 2027 تک کارآمد)، سفید پس منظر والی پاسپورٹ سائز تصویر، بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک، اور رہائشی ثبوت شامل ہیں۔ اعلامیہ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ حج نشست کی منسوخی سے انتظامی دشواریاں پیدا ہوتی ہیں، اس لیے منسوخی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ حج 2027 کے رہنما اصولوں کے مطابق منسوخی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ خواہش مند عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مکمل تیاری اور پختہ ارادے کے بعد ہی درخواست جمع کرائیں۔ یہ اعلان حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے جانب سے ممبئی سے جاری کیا گیا ہے۔